پہلا آل کراچی راشد صدیقی سائیکل ریس ضلع ملیر کے سائیکلسٹ حق نواز نے اپنے نام کر لیا

Pakistan Sports Welfare Association

Pakistan Sports Welfare Association

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد پہلا آل کراچی راشد صدیقی سائیکل ریس ضلع ملیر کے سائیکلسٹ حق نواز نے مقررہ سفر ایک گھنٹہ 24منٹ 3سیکنڈ میں مکمل کر کے اپنے نام کر لیا۔

جبکہ ضلع سائوتھ کے نعیم احمد نے دوسری پوزیشن اور ضلع کورنگی کے ابو بکر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائیکل ریس کا آغاز ریلوے اسٹیڈیم آئی آئی چند ریگر روڈ سے ہوا جو 52 کلو میٹر پر محیط تھا ریس میں شہر کراچی کے 6 ڈسٹرکٹس کے 42سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔ سائیکل ریس کا افتتاح نیشنل بنک سی بی آر ڈویژن کے سربراہ اویس اسد خان نے کہا کہ اس موقع پر سیکریٹری سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن احمد علی راجپوت ،لیاری کے نو منتخب یوسی چیئر مین حبیب حسین بلوچ، سائیکل ریس کے چیف آرگنائزر حاجی غلام محمد خان ،عظمت اللہ خان ،اصغر بلوچ ،با ران بلوچ اور حاجی عبدلجلیل بھی موجود تھے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نیشنل بنک سی ایس آر ڈویژن کے سربراہ اویس اسد خان نے کہا کہ نیشنل بنک تعلیم کیساتھ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتا رہیگا۔

کھیل کے ہر شعبے کی ترقی اور اس کے فروغ کے لئے نیشنل بنک کی جانب سے اقدامات جاری ہیں اور انشا اللہ اسپورٹس آرگنائزرز اور کھلاڑیوں کے باہمی تعاون کے ذریعے شہر میں صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھا کر قیام امن اور مثالی معاشرہ قائم کرینگے انہوں نے سائیکل ریس کے انعقاد کو ایک احسن قدم قرار دیتے ہوئے پاکستان سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور کراچی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کو یقین دلا یا کہ آئندہ سائیکل ریس کا انعقاد سندھ سطح پر کیا جائیگا اس موقع پر سائیکل ریس کے چیف آرگنائزر حاجی غلام محمد خان نے سائیکل ریس کے کامیاب انعقاد پر تمام سائیکلسٹ خصوصی تعاون اور انتظامات پر ٹریفک پولیس اور ایدھی ویلفیئر سے اظہار تشکر کیا۔