کراچی میں مدرسے میں فائرنگ سے دو ہلاک

Dead Bodies

Dead Bodies

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے شہر کراچی میں پولیس کے مطابق ایک مدرسے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح گلشنِ اقبال کے علاقے میں واقع مدرسہ باب الاطفال میں پیش آیا۔

ایس ایس پی ضلع شرقی فیصل عبداللہ نے بتایا کہ صبح 11 بجے موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد آئے اور مدرسے کے دفتر میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی۔

ان کے مطابق فائرنگ سے وہاں موجود مفتی کامران ہلاک جب کہ مفتی غلام شدید زخمی ہوگئے اور ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں وہ بھی دم توڑ گئے۔

فیصل عبداللہ نے مزید بتایا کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں سے ایک شخص کو پانچ جبکہ دوسرے کو دو گولیاں لگیں جب کہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے چار خول اور پانچ سیسے کے سکے ملے ہیں۔

فیصل عبداللہ کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی تحقیقات میں اس حملے کی کوئی خاص وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ چھوٹا سا مدرسہ ہے جو ایک گھر میں قائم ہے اور بظاہر اس حملے کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آ رہی۔

ان کے مطابق’ کراچی کی غیر یقینی صورتِ حال کا فائدہ اٹھا کر کچھ لوگ اپنا بدلہ چکانا چاہتے ہوں یا پھر یہ کسی کو بدنام کرنے کی کوشش بھی ہو سکتی ہے۔‘