کراچی سندھ کا اٹوٹ انگ ہے کوئی طاقت اسے الگ نہیں کرسکتی: خالد سومرو

Khalid Soomro

Khalid Soomro

سکھر (جیوڈیسک) جمعیت علمائےاسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا کہنا ہے کہ کوئی مائی کا لال سندھ کو توڑ نہیں سکتا، قیامت آسکتی ہے مگر سندھ نہیں ٹو ٹ سکتا ، سندھ توڑنے والوں کے خلاف اعلان جنگ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سکھر میں جمعیت علمائےاسلام کے رہنماؤں کے ایک وفد اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کا دارلحکومت اور سندھ کا اٹوٹ انگ ہے۔

دنیا کی کوئی طاقت اسے سندھ سے الگ نہیں کرسکتی، جمعیت علمائے اسلام سندھ کی وحدت پر کوئی حملہ برداشت نہیں کرے گی، سندھ کے لاکھوں علماء سامراجی قوتوں کے خلاف سروں سے کفن باندھ کرمیدان میں نکل آئیں گے، ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائےاسلام سندھ کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریگی اور انشاء اللہ سندھ قائم و دائم رہے گا۔

علامہ خالد محمود سومرو نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے جلسوں اور دھرنوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے دھرنے اور جلسے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اب عمران خان اور طاہر القادری اپنی خفت مٹانے کیلئے ادھر سے ادھر گھوم پھر رہے ہیں، لاہور کے مینار پاکستان میں عمران خان کا جلسہ نہیں بلکہ میلہ تھاجس میں لوگ تفریح کیلئے آئے تھے۔