حصص مارکیٹ 34300 پوائنٹس کی حد عبور کر گئی

Karachi Stock Exchange

Karachi Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں غیرملکیوں اور انسٹی ٹیوشنز کی خریداری سرگرمیاں جاری رہنے کے باعث بدھ کو اتار چڑھائو کے باوجود تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 34300 پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 13 ارب 89 کروڑ 67 لاکھ74 ہزار 50 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل برقرار ہے ، کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر77 لاکھ87 ہزار 410 ڈالرکی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے2 لاکھ65 ہزار578 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے81 لاکھ28 ہزار 36 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے60 ہزار796 ڈالر کا انخلا کیا گیا۔

ایک موقع پر73.04 پوائنٹس کی مندی اور بعدازاں 261.41 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ کے باعث تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس52.56 پوائنٹس اضافے سے 34323.84 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس28.38 پوائنٹس بڑھ کر 21675.99 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 431.54 پوائنٹس اضافے سے57978.30 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت17.6 فیصد کم رہا، 33کروڑ25 لاکھ11 ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 374 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں173کے بھائو میں اضافہ، 176 کے دام میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔