حصص مارکیٹ میں تیزی کے باعث 198 پوائنٹس کا اضافہ

Karachi Stock  Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے اور مقامی بینکنگ اسپریڈ مستحکم رہنے سے شعبہ بینکاری کا منافع بہتر ہونے کی توقعات کراچی اسٹاک ایکس چینج کی کاروباری سرگرمیوں پر اثرانداز ہوئیں اور تیزی کی لہر رونما ہوئی۔

جس سے انڈیکس کی 34200 اور 34300 پوائنٹس کی 2 حدیں بیک وقت بحال ہو گئیں، 57.32 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 34 ارب 35 کروڑ 11 لاکھ 66 ہزار 482 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاری دلچسپی محدود ہو گئی ہے تاہم اس دوران مثبت خبریں کیپٹل مارکیٹ پر براہ راست اثرانداز ہو رہی ہیں۔

ٹریڈنگ کے دوران سیمنٹ، آٹوموبائل، انرجی ودیگر شعبوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے نتیجے میں ایک موقع پر 266.64 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی34400 پوائنٹس کی حد بھی بحال ہوگئی تھی لیکن فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح زیادہ دیربرقرار نہ رہ سکی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 198.10 پوائنٹس کے اضافے سے 34331.94 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 140.51 پوائنٹس کے اضافے سے 21476.03 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 258.55 پوائنٹس کے اضافے سے57591.06 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 51.67 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 39 کروڑ 18 لاکھ 57 ہزار 490 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 389 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 223 کے بھائو میں اضافہ، 138 کے داموں میں کمی اور 28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔