گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سے انڈیکس کی 7 حدیں بحال

Karachi Stock Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طورپر تیزی کا رحجان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 33000 پوائنٹس کی بلند سطح عبور کر کے بند ہوا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 70 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے 4 کاروباری دنوں میں تیزی کا رحجان دیکھا گیا جس کے باعث 100 انڈیکس نے 736.92 پوائنٹس ریکور کیے جبکہ1روز ہ مندی کے سبب انڈیکس میں 8.72 پوائنٹس لوز ہو گئے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کے معاشی اشاریوں میں بہتری کے امکانات رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم کا اعلان اور پاک چین راہداری سے وابستہ توقعات پر سرمایہ کار پسندیدہ سیکٹرز میں بھرپور سرمایہ کاری کررہے ہیں، اس وجہ سے کئی ہفتے بعد انڈیکس نے 700 سے زائد پوائنٹس ریکور کیے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 728.2 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس کی 33100, 33000, 32900, 32800, 32700, ، 32600 اور 33200 پوائنٹس کی 7بالائی حدیں بحال ہوگئیں اور 100 انڈیکس 32500.75 پوائنٹس سے بڑھ کر 33228.95 پوائنٹس پر جا پہنچا۔

اسی طرح 463.32 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 19565.16 پوائنٹس اور کے ایس ای ال شیئرز انڈیکس 22586.95 پوائنٹس سے بڑھ کر 23195.06 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 14 کروڑ 47 لاکھ 39 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 8 ارب روپے ر یکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 9 کروڑ 96 لاکھ 32 ہزار حصص رہا۔ اس روز ٹریڈنگ ویلیو 5 ارب روپے تک محدود دیکھی گئی تھی۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب 83 ارب 99کروڑ 31لاکھ 72ہزار 343 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 68 کھرب 41 ارب 70 کروڑ 65 لاکھ 57 ہزار 487 روپے سے بڑھ کر 70 کھرب 25 ارب 69 کروڑ 97 لاکھ 29 ہزار 830 روپے ہوگیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر1653کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 837 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 707 میں کمی اور 109 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبارکے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ، با ئیکوپٹرولیم، سوئی ناردرن گیس، بینک آف پنجاب، پی ٹی سی ایل، جہانگیر صدیق کمپنی، پاک الیکٹرون، فوجی فرٹیلائزر، آ ئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ، غریبوال سیمنٹ، سلک بینک لمیٹڈ فرسٹ داؤد بینک اور ٹی جی سیمنٹ سرفہرست رہے۔