کراچی: ٹارگٹ کلر کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

Firing

Firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ دوسری جانب لیاری میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران گینگ وار کا ملزم مارا گیا۔

کراچی کے علاقےنارتھ ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا جس کی شناخت منور جمال کے نام سے کر لی گئی ہے۔ آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

ادھر لیاری میں گینگ وار کے کارندوں کے خلاف چھاپہ مارا گیا تو ملزموں نے چھاپہ مار ٹیم پر فائرنگ کر دی ، جوابی فائرنگ سے گینگ وار کا ملزم سمیر عرف صغیر مارا گیا ۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کا تعلق بابا لاڈلا گروپ سے ہے۔

دوسری جانب صدر میں پولیس اور تالا توڑ گینگ کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمی ملزموں سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان شہر میں دکانوں کے تالے توڑنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ تالا توڑ گروپ کراچی کے معروف علاقوں ایمپریس مارکیٹ، اردو بازار ، لیاقت آباد اور جوڑیا بازار کی مارکیٹوں میں متعدد وارداتیں کر چکا ہے۔