کراچی یونائیٹڈ یوتھ فٹبال لیگ، شیریں جناح، لیاری اور ملیر اکیڈمی سرخرو

Football

Football

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے یو فٹبال فائونڈیشن کے زیر اہتمام کراچی یونائیٹڈ یوتھ فٹبال لیگ میں منگھوپیر فٹبال گرائون میں شیریں جناح یوتھ اکیڈمی اور منگھوپیر یوتھ اکیڈمی کے درمیان میچ کھیلا گیا جسے شیریں جناح نے ایک گول سے جیت لیا۔

مقابلے کا واحد گول فاتح ٹیم کے عبداللہ نے 64 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں اورنگی فٹبال گرائونڈ پر لیاری یوتھ اکیڈمی نے اورنگی ٹائون اکیڈمی کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے چار گول کی شکست کا داغ لگایا، میچ کی خاص بات فاتح ٹیم کے نعمان کی شاندار ہیٹ ٹرک تھی نعمان نے75 ویں،85 ویں اور87 ویں منٹ میں لگاتار تین گول اسکور کرکے لیگ کی چوتھی ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ اورنگی یوتھ اکیڈمی کوشش کے باوجود گول اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

تیسرا میچ بلدیہ فٹبال اسٹیڈیم کے سبزہ زار پہ ملیر یوتھ اکیڈمی اور بلدیہ یوتھ اکیڈمی کے مابین کھیلا گیا جسے ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد ملیر یوتھ اکیڈمی نے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔

فاتح ٹیم کے شہزاد نے لیگ کی پانچویں ہیٹ ٹرک بنائی انہوں نے25ویں،48 ویں اور 55 ویں منٹ میں لگاتار تین گول اسکور کئے ایک ایک گول جنید احمد اورعارف نے اسکور کیا حریف ٹیم کا واحد گول جنید بلوچ نے 51ویں منٹ میں اسکور کیا۔ نصیر الدین،صادق،داد رحمن، فضل حسین، بخت زادہ اور فخر الدین میچ کے ریفری تھے عبدالصمد،شوکت شہکی اور امجد علی نے میچ کمشنر کے فرائض انجام دیئے۔