کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید کی سابق وزیراعظم سردار عتیق سے ملاقات: مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا

Ali Raza Syed - Sardar Atique

Ali Raza Syed – Sardar Atique

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو (یورپ) کے چیئرمین علی رضاسید جو ان دنوں پاکستان اور آزاد کشمیر کے دورے پر ہیں، نے مسئلہ کشمیر پر موثر حکمت عملی بنانے کے لیے کشمیری قیادت سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

اسی حوالے سے گذشتہ روز انھوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان سے انکی رہائشگاہ مجاہد منزل راولپنڈی پر ملاقات کی۔ انھوں نے سابق وزیراعظم کی خیریت دریافت کی اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا۔ وہ سلسلے میں گذشتہ دنوں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان اور کئی دیگر سیاسی زعماء سے بھی ملاقات اور باہمی تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔

ملاقات کے دوران چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے سردار عتیق کو بتایاکہ بھارت مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پرمدھم کرنے میں کوشاں ہے اور ہمیں چاہیے کہ مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کے لیے موثر حکمت عملی اختیارکریں۔ ایک ایسی حکمت عملی کی ضرورت ہے جس سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیرکو آسانی سے سمجھنے میں مدد ملے اور دنیا کے سامنے کشمیرکے حوالے سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیاجائے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ اس وقت ضرورت ہے کہ تمام کشمیری قیادت متحدہوکر بھرپورجدوجہد کریں اور ایک ایسا لایحہ عمل اپنائیں تاکہ عالمی برادری اس مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے اپنافیصلہ کن کرداراداکرسکیں۔

انھوں نے کہاکہ باہر ممالک میں کشمیری ڈائس پورہ کو بھی رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ درست طریقے سے کشمیر کا کیس اقوام عالم کے سامنے اٹھا سکیں۔ دنیا کو یہ بتایاجائے کہ سترسال سے زاہد عرصہ گزر جانے کے باوجود کشمیراپنے اس حق خودارادیت سے محروم ہیں۔ وہ بھارت کی طرف ڈھائے جانے والے سنگین مظالم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کو ان کا حق دینے کے بجائے ان کی سرزمین پرظالمانہ قبضہ برقرار رکھا ہواہے اور مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل میں روکاٹ بناہواہے۔ سردار عتیق احمد نے اپنی عیادت کرنے پر علی رضاسید کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پرکشمیرکے مسئلے پربات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیرنے کشمیرکے تاریخی حقائق کو سامنے لانے کی ضرورت پر زوردیااور کہاکہ کہ ہمیں دنیا کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ کشمیر ہرگز بھارت کا حصہ نہیں۔ بھارت نے کشمیرپر غیرقانونی اور غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔ انھوں نے علی رضاسید کی موقف سے اتفاق کیاکہ اس وقت کشمیرپر موثر حکمت عملی اور کشمیری قیادت کے مابین اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔

سردارعتیق احمد خان نے علی رضا سید کی سربراہی میں کشمییرکونسل ای یو کی مسئلہ کشمیرکو یورپ میں اجاگر کرنے کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ انھوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہوناچاہیے۔کشمیریوں کو نظرانداز کرکے کوئی حل پائیدار اور قابل عمل نہیں ہوگا۔