کشمیر کونسل یورپ کے زیراہتمام مقبول بٹ اور افضل گرو کی برسی دس فروری کو منائی جائے گی

Maqbool Butt and Afzal Guru

Maqbool Butt and Afzal Guru

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام عظیم کشمیری شہداء مقبول بٹ اور افضل گرو کی برسی ہفتہ دس فروری کو برسلز میں مکمل عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس موقع پر اپنے ایک بیان میں کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے دونوں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان عظیم کشمیری سپوتوں نے شمع کی مانند تحریک آزادی کشمیر کو روشنی فراہم کی ہے۔

انھوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان دونوں شہداء کے اجسادخاکی بلاتاخیر ان کے لواحقین کے حوالے کرے تاکہ ان کی باقاعدہ آخری رسومات اداکی جاسکیں اوردرست طریقے سے تدفین ہو سکے۔ یادرہے کہ محمد مقبول بٹ کو گیارہ فروری 1984ء کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کے جسد خاکی کوان کے وارثین کی مرضی کے خلاف وہاں ہی جیل میں دفن کر دیا گیا تھا۔

ایک اورکشمیری حریت پسند محمد افضل گرو کو بھی اسی جیل میں۹ فروری 2013 ؁ء کو پھانسی دے کر وہاں ہی دفن کردیاگیا تھا۔ افضل گرو کی پھانسی پر نہ صرف مقبوضہ کشمیرسخت ردعمل ظاہرکیا گیااور احتجاج کیاگیابلکہ دنیاکی انسانی حقوق کی تنظیموں اور امن کے علمبرداروں نے بھی اس بھارتی اقدام پر سخت غم وغصے کا اظہارکیاتھا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سیدنے عالمی برداری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیاکہ وہ بھارتی رویے کا سختی سے نوٹس لے کرنئی دہلی پر دباؤ ڈالے تاکہ افضل گرو اور مقبول بٹ شہید کی میتوں کو ورثاء کے حوالے کیاجائے ۔انھوں نے کہاکہ کتناظلم اورغیرانسانی فعل ہے کہ مقبول بٹ اور افضل گرو کوپھانسی دینے کے بعد انکے اجسادخاکی کو بھی بھارت نے قید کر رکھا ہے۔

دنیا کا کوئی بھی مہذب معاشرہ اس طرح کارویہ اختیارنہیں کرتا۔ انھوں نے واضح کیاکہ پھانسیاں دے کر اور ظلم و جبر کے ذریعے بھارت اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کرسکتا بلکہ اسے کشمیریوں کوانکا حق خودارادیت دیناہوگا۔ علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیر میں قید سیاسی رہنماؤوں کی رہائی اور ماورائے عدالت قتل و غارت کی روک تھام کا بھی مطالبہ کیا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ بھارت ظلم و بربریت کرکے تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دباسکتا۔ کشمیریوں کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی اور انہیں ایک دن ضرور آزادی ملے گی۔