کشمیر کونسل یورپ کا شہید مقبول بٹ اور شہید افضل گرو کے اجساد خاکی ان کے لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو نے ممتاز کشمیری شہداء مقبول بٹ اور افضل گرو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے کہاکہ وہ ان دونوں شہداء کے اجسادخاکی بلاتاخیر ان کے لواحقین کے حوالے کرے۔

دونوں شہداء کے برسی کے موقع پر چیئرمین کونسل علی رضاسیدنے برسلزسے جاری ہونے والے بیان میں کہاکہ ان عظیم کشمیری سپوتوں نے شمع کی مانند تحریک آزادی کشمیرکو روشنی فراہم کی ہے۔

انھوں نے بھارتی حکومت پر زوردیاکہ شہید مقبول بٹ اور افضل گرو کی میتوں کوکشمیرمیں انکے ورثاء کے حوالے کیاجائے تاکہ ان کی باقاعدہ آخری رسومات اداکی جاسکیں اوردرست طریقے سے تدفین ہوسکے۔

یاد رہے کہ محمد مقبول بٹ کو گیارہ فروری 1984ء کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کے جسد خاکی کوان کے وارثین کی مرضی کے خلاف وہاں ہی جیل میں دفن کردیاگیاتھا۔ واضح رہے کہ ۹ فروری کو ایک اورکشمیری حریت پسند محمد افضل گرو کی برسی کادن تھا۔

افضل گرو کو بھی اسی جیل میں۹ فروری 2013 ؁ء کو پھانسی دے کر وہاں ہی دفن کردیاگیا تھا۔ افضل گرو کی پھانسی پر نہ صرف مقبوضہ کشمیرسخت ردعمل ظاہرکیا گیااور احتجاج کیاگیابلکہ دنیاکی انسانی حقوق کی تنظیموں اور امن کے علمبرداروں نے بھی اس بھارتی اقدام پر سخت غم وغصے کا اظہارکیاتھا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سیدنے عالمی برداری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیاکہ وہ بھارتی رویے کا سختی سے نوٹس لے کرنئی دہلی پر دباؤ ڈالے تاکہ افضل گرو اور مقبول بٹ شہید کی میتوں کو ورثاء کے حوالے کیاجائے ۔انھوں نے کہاکہ کتناظلم اورغیرانسانی فعل ہے کہ مقبول بٹ اور افضل گرو کوپھانسی دینے کے بعد انکے اجسادخاکی کو بھی بھارت نے قید کررکھاہے۔ دنیاکا کوئی بھی مہذب معاشرہ اس طرح کارویہ اختیارنہیں کرسکتا۔

انھوں نے واضح کیاکہ پھانسیاں دے کر اور ظلم و جبر کے ذریعے بھارت اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کرسکتا بلکہ اسے کشمیریوں کوانکا حق خودارادیت دیناہوگا۔ علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیر میں قید سیاسی رہنماؤوں کی رہائی اور ماورائے عدالت قتل و غارت کی روک تھام کا بھی مطالبہ کیا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے گذشتہ سال کے دوران مقبوضہ وادی میں پیلٹ گن کے استعمال سے جانی نقصانات اور آنکھوں سے لوگوں کو محروم کئے جانے کی مذمت کی اور اس خطرناک ہتھیارپر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ بھارت ظلم و بربریت کرکے تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دباسکتا۔ کشمیریوں کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی اور انہیں ایک دن ضرور آزادی ملے گی۔