کشمیر کونسل ای یو کی شوپیاں مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چار بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ لوگوں کا ماورائے عدالت قتل عام روزمرہ کی کاروائی بن گیا ہے۔ آئے دن بھارتی فوجی بلاوجہ کسی بھی نوجوان کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا لیتے ہیں۔

انھوں کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں آٹھ لاکھ فوج کی موجودگی اور کالے قوانین اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو سنگین دباؤمیں رکھا ہوا ہے۔

علی رضا سید نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجتہی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی طرف سے مظالم اورتشدد جیسے حربوں اور کالے قوانین سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو روکا نہیں جاسکتا۔ یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ انھوں نے کہاکہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے کشمیرپر زبردستی قبضہ کیاہواہے لیکن اسے ایک دن کشمیریوں کو ضرور آزادی دیناہوگی۔ بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کوان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ علی رضا سید نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔