مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امریکا سب سے بہترین کردار ادا کرسکتا ہے، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

واشنگٹن (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امریکا سب سے بہترین کردار ادا کر سکتا ہے۔

واشنگٹن میں امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیرمین باب کورکر اور دیگر حکام سے ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے انھیں بھارت کو امن کے لئے پیش کی گئی تجاویز سے آگاہ کیا اور امریکی کانگریس کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے خلاف مدد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے امریکی سینیٹ کی کمیٹی کے اراکین کو بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اپنے ابتدائی مقاصد حاصل کرچکا ہے اور اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان میں جمہوریت، سیکورٹیاور معاشی اصلاحات کے حوالے سے مسلسل تعاون پر سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف نے امریکی حکام کو افغان حکام سے اپنے مسلسل رابطوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ دوسری جانب کانگریس کے اراکین نے خطے میں امن کے لئے پاکستان کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا خطے میں مستقل امن کے لئے پاکستان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔