کشمیر میں پاکستان نواز سرگرمیاں برداشت نہیں کریں گے، بھارت

Rajnath Singh

Rajnath Singh

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان نواز سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن بھارتی سرزمین پر پاکستان نواز نعرے اور پرچم نہیں، ایسا کرنے والوں کی جگہ جیل میں ہے، جمعے کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ جتنا زیادہ ہم دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان جنگ بندی کو نظرانداز کر کے اتنا زیادہ اس میں خلل ڈالتا ہے۔

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ پاکستان ہم سے خوش کیوں نہیں ہے ؟ راجناتھ سنگھ نے بڑھک مارتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلح افواج پر واضح کر دیا ہے کہ پہلی گولی بھارت کی طرف سے نہیں چلنی چاہیے لیکن جنگ بندی کی خلاف ورزی کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کرنے میں کوئی رعایت نہ برتی جائے۔