کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں خواتین کے کردار کے بارے میں ’’خواتین کانفرنس‘‘ ستائیس ستمبر کو منعقد ہو گی

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے زیراہتمام کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں خواتین کے کردار کے بارے میں ’’خواتین کانفرنس‘‘ ستائیس ستمبر بروز منگل برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی عمارت میں منعقد ہو گی۔

کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید کاکہناہے کہ یہ کانفرنس کونسل کے زیراہتمام منعقد ہونے والے پروگراموں کاحصہ ہے جن کا مقصد بھارت کے زیرتسلط کشمیرمیں خواتین سمیت کشمیریوں کے مصائب اور مشکلات کے بارے میں دنیاکو آگاہ کرنا ہے۔

بقول انکے، کانفرنس کے دوران مقبوضہ وادی میں خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے خلاف آوازبلند کی جائے گی، خصوصاًشرکاء کی توجہ مقبوضہ کشمیرکے گاؤں ’’کنان پوشپورہ‘‘ میں 1991میں کشمیری خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر مبذول کرائی جائے گی۔

اس کانفرنس میں کتاب ’’کیاآپ کو کنان پوشپورہ یادہے؟‘‘ کی مصنفین میں سے ایک کا خطاب بھی متوقع ہے۔ کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں ایک رپورٹ کے بارے میں بھی بتایاجائے گا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ بھارت وحشیانہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو دباناچاہتاہے لیکن کشمیرکے لوگ بھارت سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔