قصور اسکینڈل، کیس کی سماعت فوجی عدالت میں کرائی جائے،پرویز الہٰی

Chaudhry Pervez Elahi

Chaudhry Pervez Elahi

لاہور (جیوڈیسک) ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ قصور ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ملزموں کے کیس کی سماعت فوجی عدالت میں کرائی جائے، عالمی سطح پر ملک کی بدنامی کا باعث بننے والوں کو عبرتناک سزا ئیں دی جائیں۔

چودھری پرویز الہی نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ قصور کےگاؤں حسین خان والا کا دورہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ان واقعات سے پاکستان کی عالمی سطح پر بدنامی ہوئی ہے۔

حکومت مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بناکر وقت ضائع کر رہی ہے، اس جے آئی ٹی کا حال بھی ماڈل ٹائون جیسا ہو گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت امن و امان کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔