خالد صدیقی کا نصیر آباد میں کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب

Khalid Siddiqui Speech

Khalid Siddiqui Speech

کراچی (پ ر) جماعت اسلامی یوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان نے کہا ہے کہ کراچی میں چائنا کٹنگ اور لینڈ مافیا نے پارکس، گرائونڈز پر قبضے کرکے نوجوانوں کو مثبت سرگیوں سے محروم کر دیا ہے۔ ہماری نوجوان نسل کو سازش کے تحت غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث کیا جا رہا ہے

۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون دستگیر کے تحت یوم آزادی کے حوالے سے الفلاح گرائونڈ بلاک 14 فیڈرل بی ایریا میں منعقدہ نصیر آباد یوتھ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی، امیر زون دستگیر نصرت اللہ اور دیگر کے علاوہ تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ حافظ بلال رمضان نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔

ہمارے بچے دنیا بھر میں تعلیمی ریکارڈ قائم کر رہے ہیں یورپ و ایشیا کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں کی پیشانیوں پر پاکستانی نوجوانوں کے نام جگمگا رہے ہیں۔ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے یہ نوجوان ریت کو نچوڑ کر ملک کے لئے بجلی پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں سرمائے کے بل بوتے پر راج کرنے والے بتوں کو یہ نوجوان پاش پاش کر دیں گے۔ کرپٹ اشرافیہ سے کسی غریب اور مزدور کے بیٹے کیلئے آگے بڑھنے اور ترقی کے راستے مسدود کردیئے ہیں۔اس اشرافیہ کے خلاف ایک نتیجہ خیز جدوجہد کا وقت آگیا ہے ان اژدھوں کے سرکچلیںگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے کہا کہ نئی نسل باصلاحیت ہے، اسلامی تعلیمات پر عمل اسے دنیا کی سب سے بہتر قوم بنا سکتی ہے، امت مسلمہ کو اپنے نوجوانوں سے ہی امیدیں ہیں جو طاغوت کا مقابلہ کریں گے اور امت مسلمہ کو ایک بار پھر عروج کی منازل طے کرائیں گے۔

حافظ بلال رمضان اور خالد صدیقی نے نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر انتظامی کمیٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی میں اس قسم کی سرگرمیاں ناپید ہوتی جا رہی ہیں، جماعت اسلامی یوتھ کی یہ کاوش قابل تحسین ہے۔ علاوہ ازیں ناک آئوٹ پر کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں 10 ٹیموں نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی یوتھ کی جانب سے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹی شرٹ دی گئی۔ فائنل ایان اسپورٹس نے جیت لیا۔ جیتنے والی ٹیم کو 5000 اور رنر اپ کو1500 اور ٹرافی دی گئی اس کے علاوہ بہترین بیٹسمین، بالر اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320