کھاریاں کے نواحی علاقہ ڈوگہ میں 17 کروڑ روپے لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

Opening Development Projects

Opening Development Projects

گلیانہ (محسن ضیاء اعوان) کھاریاں کے نواحی علاقہ ڈوگہ میں 17 کروڑ روپے لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن عامر جان نے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ایم این اے چوہدری عابد رضا اور ایم پی اے چوہدری شبیر احمد کے ہمراہ ان منصوبہ جات کا افتتاح کیا، ناظم یونین کونسل ڈوگہ ملک اشفاق ڈوگہ، انور لہڑی و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ اہل علاقہ کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کمشنر گوجرانوالہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو کروڑ 40لاکھ روپے کی لاگت سے ڈوگہ تا جی ٹی روڈ کھاریاں تک سٹرک کی مرمت ، 55لاکھ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ڈوگہ کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ڈوگہ تا جھانٹلہ موڑ کارپٹ روڈ کی تعمیر پر 14کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن عامر جان نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ جن علاقوں کے منتخب نمائندے سنجیدگی کا مظاہر ہ کریں وہاںہر قسم کی سہولیات کی فراہمی ممکن ہے۔ انہوں نے اہل علاقہ میں شعور کو سراہا اور کہا کہ بہت جلد یہ علاقہ بھی ترقی کی منازل طے کریگا ۔ انہوںنے کہا کہ آج جن منصوبوں کا افتتاح کیا ان سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

عامر جان نے ڈویژن کی ترقی کے لئے سابق کمشنر گوجرانوالہ شمائل احمد خواجہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوںنے کہا کہ جہاں سیاسی قیادت ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہیں سرکاری افسران بھی علاقہ کی ترقی کے لئے انکے شانہ بشانہ ہوں گے۔ کمشنر نے گجرات کی ترقی کے لئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوںنے بھرپور محنت سے گجرات کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔

اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ خرچ ہوتا ہے عوام ان منصوبوںکی نگرانی کریں اور اگر کہیں شکایت ہو تو انہیں براہ راست آگاہ کریں۔ انہوںنے واضع کیا کہ گجرات میں کوئی کمشن مافیا نہیں آپ ان منصوبوںکی نگرانی کریں اپکے ترقیاتی کام مثالی ہوں گے اور عوام ان سے تادیر مستفید ہو سکیں گے۔ ایم این اے چوہدری عابد رضا نے مقامی بلدیاتی نمائندوںکو کامیابی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاک چائنا کوریڈور کے قیام سے ملک میں ترقی ہوگی اور انفراسٹرکچر بہتر ہو۔ انہوںنے کہا کہ قانون کی بالادستی حکومت کی ترجیحات میںسر فہرست ہے۔ ایم این اے نے کہا کہ ماضی کی کرپشن کی وجہ سے ہم ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تاہم اب ہم نے اپنے درست راستے کا تعین کر لیا اورملک میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت ہے ہم اپنے ووٹ کا تقدس معلوم ہونا چاہیے اور اسکی حفاظت بھی کرنا چاہیے۔ ایم این اے نے عوام پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی خود حفاظت کریں ۔ ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے کہا کہ ڈوگہ کے مکینوں نے ہمیشہ ان پر انکے خاندان پر اعتما د کا اظہار کیا وہ انکے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں جس سے شہریوں کا معیاز زندگی بلند ہوا ہے۔