2018 ء میں خیبر پختونخوا میں بھی شیر دھاڑے گا، مریم نواز

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

پشاور (جیوڈیسک) سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ کہاں ہے عمران خان کی تبدیلی کا نظام؟ کیا پانچ سال کنٹینر پر جھوٹ بولنے والا لیڈر بن سکتا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف کا پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بہادر اور دلیر ہیں، ان کا لیڈر بھی دلیر ہونا چاہیے، کیا پانچ سال تک کنٹینر پر بیٹھنے والا خیبر پختونخوا کے عوام کا لیڈر ہو سکتا ہے؟ کیا الزام لگانے والا عوام کا لیڈر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پشاور کی عوام نے بھی نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے۔ آج پشاور کے عوام نے بتا دیا کہ صادق اور امین کون ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب پشاور میں ڈینگی آیا تو عمران خان پہاڑوں پر چڑھ کر بیٹھے تھے، اگر انہوں نے پانچ سال خدمت کی ہوتی تو مال روڈ کی طرح ہمارے جلسے میں بھی خالی کرسیاں ہوتیں۔ خیبر پختونخوا کے لوگ علاج کے لیے پنجاب کے ہسپتالوں میں جاتے ہیں۔ جب عمران خان کنٹینر پر کرتب دکھاتے ہیں تو کوئی دیکھنے بھی نہیں آتا۔ 2018ء میں خیبر پختونخوا سمیت پورے پاکستان میں شیر دھاڑے گا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کہاں ہے 350 ڈیم اور کہاں ہے بجلی؟ جو عمران نے دوسرے ملکوں کو ایکسپورٹ کرنی تھی؟ کہاں ہے یکساں تعلیمی نظام؟ ایک سکول مجھے دکھا دیں جو خیبر پختونخوا میں نیا بنا ہو، صوبے میں تو پچھلے سکول بھی بند ہو گئے ہیں۔ ساڑھے چار سال بعد نیند سے جاگنے کے بعد عمران کو پتہ چلا کہ نواز شریف نے اندھیرے دور کیے اور موٹروے کا جال بچھا دیا۔

خیبر پختونخوا کی پولیس نااہل نہیں عمران خان نا اہل ہیں۔ عاصمہ رانی، اسما اور شریفاں بی بی کے گھر والے عمران خان کی راہ دیکھتے رہے۔