کنگز پارٹی بنانے کی تیاری مکمل پرویز مشرف سربراہ ہوں گے

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں کنگز پارٹی بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، پرویز مشرف نئی پارٹی کے سربراہ ہوں گے۔

اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے ناراض رہنما ؤں سے رابطے بھی جاری ہیں۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ ملک میں آئندہ الیکشن کی حکمت عملی تیار کرنے کا سلسلہ ابھی سے شروع کر دیا گیا ہے اورمسلم لیگ ن کو شکست دینے اور تحریک انصاف کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک نئی پارٹی تشکیل دی جارہی ہے جو مستقبل میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت کی حیثیت سے عام انتخابات میں حصہ لے گی۔

پارٹی میں پنجاب سے چوہدری شجاعت حسین، پرویز الہی، ذوالفقار کھوسہ، دوست کھوسہ، شیخ رشید،سندھ سے غوث علی شاہ، پیر پگاڑا،ممتاز بھٹو، لیاقت جتوئی، نبیل گبول، ذوالفقار مرزا شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سکندر حیات اور سردار عتیق کو بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔

تاہم بلوچستان اور پنجاب سے لشکر رئیسانی اور سنیئر سیاستددان مخدوم جاوید ہاشمی سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جاوید ہاشمی اور لشکر رئیسانی نے کنگ پارٹی میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے۔