بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سپریم کورٹ کے احکامات کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سپریم کورٹ کے احکامات کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا ،کرپٹ افسران کے خلاف بھی ایڈمنسٹریٹر کراچی کوئی کاروائی نہ کرسکے ۔تفصیلات کے مطابق کے ایم سی نے سپریم کورٹ کی سماعت سے پہلے چند افسران کی فہرست تیار کرکے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے 2 ماہ وقت بھی طلب کیا تھا۔

لیکن سماعت کے بعد کے ایم سی نے او پی ایس ،آئوٹ آف ٹرن پروموشن حاصل کرنے والے افسران کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی اس وقت بھی جونیئر افسران ایک ایک سال میں 2،2پروموشن لیکر اہم پوسٹیں حاصل کئے ہوئے ہیں ۔لیکن ایڈمنسٹریٹر کراچی نے آئوٹ آف ٹرن پرموشن والوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جبکہ 16سے 20سال ملازمت کرنے والے تاحال ایک گریڈ کا پروموشن نہ لے سکے اور کرپشن میں ملوث افسران کو آج بھی اہم پوسٹوں پر تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف کے ایم سی کو مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔

بلکہ عرصہ دراز سے فرائض انجام دینے والے افسران و ملازمین کا یہ کرپٹ آفسران حق ما ر رہے ہیں ۔کرپٹ آفسران کے کارناموں کی وجہ سے کے ایم سی کے ریو نیو میں بھی کوئی اضافہ نہیں ہوسکا جس سے ایڈمنسٹریٹر کراچی عوامی خدمت کے کاموں کے دعووں کی کلی کھل کر سامنے آگئی ہے اور کے ایم سی کی تباہی و بربادی کے ساتھ شہر کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔