عینک والا جن کے معروف کردار ’’زکوٹا جن‘‘ انتقال کر گئے

  Matloob Ur Rehman

Matloob Ur Rehman

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی تاریخ کے مشہور ڈرامے ’’عینک والا جن‘‘ کے مشہور کردار مطلوب الرحمان المعروف ’’زکوٹا جن‘‘ انتقال کر گئے۔

ڈرامہ سیریل ’’عینک والا جن‘‘سے شہرت حاصل کرنے والے بچوں اور بڑوں کے ہر دلعزیز فنکار مطلوب الرحمان عرف منالاہوری انتقال کر گئے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے 40 سال ٹی وی اور اسٹیج کی خدمت میں گزار دیئے۔

’عینک والا جن‘‘ پاکستان کی تاریخ کا کامیاب ترین ڈرامہ تھا اور اس میں اداکار مطلوب الرحمان نے ’’زکوٹا جن‘‘ کا لازوال کردار ادا کر کے اس کردار کو ہمیشہ کے لئے امر کر دیا جو بچوں اور بڑوں کے ذہنوں پر آج بھی نقش ہے اور انکا معروف ڈائیلاگ مجھے کام بتاؤ میں کیا کروں؟ میں کس کو کھاؤں؟ آج بھی لوگوں میں مقبول ہے۔

یاد رہے ٹی وی اداکار منا لاہوری کو فالج تھا اور وہ کئی روز سے علیل تھے، وہ شوگر جیسے موذی مرض میں بھی مبتلا تھے، فالج کی بیماری نے ان کے جسم کے دائیں حصے کو کمزور کر دیا تھا جس کی وجہ سے وہ کوئی کام نہیں کر سکتے تھے جس سے ان کے گھریلو حالات انتہائی خراب ہو گئے تھے۔