کولکتہ ٹیسٹ میں فتح، انڈیا نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بن گئی

Indian Team

Indian Team

کولکتہ (جیوڈیسک) انڈیا نے کولکتہ میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 178 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کے نتیجے میں انڈین ٹیم نے نہ صرف ٹیسٹ سیریز جیت لی ہے بلکہ وہ ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔

اس میچ میں انڈیا نے مہمان ٹیم کو فتح کے لیے 376 رنز کا ہدف دیا لیکن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 197 رنز ہی بنا سکی۔

کھیل کے چوتھے دن نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ لیتھم نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

انڈیا کے لیے روی چندرن ایشون، رویندر جڈیجا اور محمد شامی نے تین، تین وکٹیں لیں جبکہ ایک وکٹ بھونیشور کمار کے حصے میں آئی۔

میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے انڈین بلے باز وردھمان ساہا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تین میچوں پر مشتمل سیریز میں اب انڈیا کو دو صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہو گئی ہے۔ کانپور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے197 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

کولکتہ ٹیسٹ میں فتح کے نتیجے میں انڈیا نے ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن دوبارہ سے حاصل کر لی ہے۔

انڈیا کو پہلی پوزیشن سے رواں برس اگست میں اس وقت ہاتھ دھونا پڑے تھے جب پاکستان نے اپنی ٹیسٹ تاریخ میں پہلی بار بہترین ٹیسٹ ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

یہ انڈیا کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچوں میں لگاتار 13ویں فتح تھی۔ انڈیا کو آخری مرتبہ دسمبر 2012 میں انگلینڈ نے کولکتہ میں ہی شکست دی تھی۔