خیبرپختونخوا الیکشن، فتح کا جشن منانے والوں پر فائرنگ، 12 افراد جاں بحق

KPK Firing

KPK Firing

پشاور (جیوڈیسک) دس سال بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کی کامیابی کا جشن کئی گھروں میں صف ماتم بچھا گیا۔ ٹانک کے علاقے کری حیدر میں آزاد کونسلر کی فتح کے بعد نکالے جانے والے جلوس پر مخالفین کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کیا گیا۔

جس سے چھ افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا۔ کوہاٹ کے نواحی علاقے گمبت باراتی بانڈہ میں کونسلر ذبیع اللہ کی کامیابی پر علاقہ مکین مبارکباد دینے کیلئے جمع تھے کہ مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

فائرنگ سے چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزموں کے زیر استعمال موٹر سائیکل برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مبینہ ملزمان غنی، ارشد اور نیک بادشاہ نے خواتین کے دیرینہ تنازعے پر فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد پولیس کے سرچ آپریشن میں دو مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ نوشہرہ کی تحصیل جہانگیرہ میں آزاد کونسلر شوکت پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر دو بچوں سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ واقعہ میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے۔ ڈیرہ شہباز میں امیدوار کی جیت پر ہوائی فائرنگ سے ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔