کلبھوشن یادیو کیلئے بھارت نے عالمی عدالت انصاف کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

Kulbhushan Yadav

Kulbhushan Yadav

ہیگ (جیوڈیسک) بھارتی بحریہ کے سابق افسر کلبھوشن یادیو کو پاکستان میں پھانسی کی سزا سنائے جانے کے معاملے میں بھارت نے بین الاقوامی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔

ہیگ میں واقع بین الاقوامی عدالت نے اس معاملے میں پاکستان سے یہ یقینی بنانے کو کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو تمام ممکنہ راستوں پر غور کرنے سے پہلے پھانسی نہ دی جائے،دوسری جانب ایران نے پاکستان میں گرفتار کیے جانے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو تک رسائی کے لیے پاکستانی حکام سے درخواست کی ہے۔

واضح رہے پاکستان کی فوجی عدالت نے یادیو کو جاسوسی اور دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے معاملے میں پھانسی کی سزا سنائی تھی،بھارتی جاسوس کلھبوشن یادیو پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھا اور اس نے اعتراف کیا تھا کہ اسے بھارتی خفیہ ایجنسی را نے پاکستان بھجوایا تھا۔

بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ،بھارتی بحریہ کے آفیسر نمبر 41558 کمانڈر کلبھوشن یادیو المعروف حسین مبارک پٹیل کو 3 مارچ 2016ء کو پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔