قندوز کو طالبان کے قبضے سے چھڑانے کیلئے افغان سیکیورٹی فورسز طلب

Afghan Security Forces

Afghan Security Forces

کابل (جیوڈیسک) افغان شہر قندوز پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کیلئے افغان سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری بلا لی گئی ہے،گزشتہ روز سے جاری جھڑپوں میں دو افغان فوجیوں اور پچیس جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

قندوز کو طالبان کے قبضے سے چھڑانے کیلئے افغان سیکیورٹی فورسز کی طالبان سے شدید جھڑ پیں جاری ہیں سیکیورٹی فورسز کچھ علاقوں سے طالبان کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہو ئی ہیں،لیکن پورے شہر پر اب بھی کنٹرول حاصل نہیں کر پائی ہیں۔

گزشتہ رات حکام نے پریس کانفرنس کے دوران شہر کو بہت جلد طالبان کے قبضے سے چھڑانے کا عزم ظاہر کیا۔افغان فوج کا کہنا ہے کہ قندوز کی سویلین آبادی کو جانی نقصان بچانے کے لئے فوجی پیچھے ہٹی ہے،ان کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں نے گھروں اور مارکیٹوں کے اندر پناہ لے رکھی ہے۔

طالبان نے گزشتہ روز قندوز کے تین سے چار اطراف سے حملہ کیا اور شام تک کئی علاقوں پر قبضہ کر لیا۔ شہر کی جیل پر کنٹرول کے بعد اپنے سیکڑوں ساتھیوں کو آزاد بھی کرایا۔طالبان نے مرکزی علاقے میں اپنا جھنڈا لہرا دیا ہے۔ جھڑپوں میں دو افغان فوجی اور پچیس جنگجو کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ۔14 سال میں قندوز پر طالبان قبضہ افغان حکومت کے لیے سب سے بڑا دھچکہ ہے۔