لاہور میں سی آئی اے پولیس کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

Police

Police

لاہور (جیوڈیسک) پولیس نے بی آر بی کے قریب سانحہ یوحنا آباد میں ملوث 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں کو نشاندہی کے لیے جب بی آر بی کے علاقے میں لایا گیا تو ان کے ساتھیوں نے دہشت گردوں کو چھڑانے کے لیے حملہ کردیا اور پولیس وین پر فائرنگ کردی جس کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر جاری رہا جس کے بعد پولیس کی جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر مقصود حیات بھی زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ثنا اللہ عرف حسین پنجابی، عمران عرف امیر اور شیخ قانون کے نام سے ہوئی جو سانحہ یوحنا آباد میں ملوث تھے، ان کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس اور بارودی مواد برآمد کیا گیا جب کہ دہشت گردوں کی نشاندہی پر واہگہ بارڈر کےقریب سے 4 ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کیے گئے۔