لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی، موسم خوشگوار ہو گیا

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) بعض علاقوں میں آج پھر بارش نے اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیا ہے۔ کراچی میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں سمیت ملک کے بعض علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ساون بھادوں کے رنگ نرالے کہیں دھوپ اور کہیں آسمان سے گرتی بوندوں نے موسم کی رنگینی بڑھا رکھی ہے ۔ باغوں کے شہر لاہور میں آج پھر میگھا برسنے سے ہر منظر نکھر گیا ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گہرے اور ہلکے بادلوں نے آسمان پر سائبان تان رکھا ہے ، شہر قائد میں مطلع ابرآلود ہے اور بعض علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

شہر اقتدار میں بھی موسم ابر آلود ہے اور ہلکی ہوا چلنے سے پارہ نیچے آگیا ہے ۔ دوسری طرف کوئٹہ سمیت بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں سورج آنکھیں دکھا رہا ہے جس سے گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے جڑواں شہروں ، گوجرانوالہ ، ہزارہ ، پشاور ، مردان اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔