لاہور : نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

Municipal Representatives Oath

Municipal Representatives Oath

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں سے کامیاب ہونے والے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا۔ تقریب حلف برداری کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، ریٹرننگ افسران نے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے ملک سے وفاداری، گڈ گورننس اور لوکل آرڈیننس 2013 کے مطابق ذمہ داریوں کی ادائیگی اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عمل درآمد کرنے کا حلف لیا۔

راولپنڈی کے دو ہزار سے زائد نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے بھی حلف اٹھایا، تقریب حلف برداری تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے دفتر میں ہوئی، فیصل آباد میں کامیاب ہونے والے نمائندوں کی حلف برداری کی تقریبات ریٹرنگ افسران کے دفاتر سمیت ٹی ایم ایز میں منعقد ہو رہی ہیں۔

جبکہ دوسری طرف ملتان میں ہتھکڑیوں میں لائے گئے یوسی 58 کے وائس چیئر مین رفیق طوطئ سمیت 185 نومنتخب بلدیاتی ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

ضلع کونسل سمیت مختلف مقامات پر حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی جس میں 26 ریٹرننگ افسران نے 185 بلدیاتی ارکان سے حلف لیا اس موقع پر یوسی 58 کے وائس چیئر مین رفیق طوطی کو بھی ڈسٹرکٹ جیل سے ہتھکڑیاں لگا کر حلف برداری کیلیے لایا گیا جن پر پولنگ اسٹیشن سے خواتین کی انکھوں میں مرچیں ڈال کر بیلٹ بکس لے جانے کا الزام تھا تاہم نو منتخب وائس چیئر مین رفیق طوطی کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کی جذبے سے سرشار ہوں اور جلد ہی بے گناہی ثابت ہونے پر رہا ہو کر حلقے کے عوام کی بھر پور خدمت کروں گا۔

حلف برادری کی تقریب کے اختتام پر دوبارہ ملزم رفیق طوطی کو ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ کراچی کے ضلع جنوبی میں حلف برداری کی تقریب جلسے میں تبدیل ہو گئی، مختلف سیاسی جماعتوں کے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے ایوان کو مچھلی مارکیٹ بنا دیا۔

کراچی کے ضلع جنوبی کے بلدیاتی نمائندوں کی تقریب حلف براداری سندھ بوائے اسکاوٹس ہال میں منعقد کی گئی، تقریب میں 186 نومنتخب نمائندوں نے حلف لیا، تقریب کے دوران منتخب نمائندوں نے شدید نعرے بازی کی۔

پیپلز پارٹی، ایم کیوایم، پی،ٹی، آئی اور مسلم لیگ نون کے نمائندوں کی نعرے بازی کے دوران کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی، ایک موقع پر ایم کیو ایم اور پیپپلز پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے بھی آگئے اور نعرے لگاتے رہے۔