لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات بھر بارش، سردی میں اضافہ

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کئی شہروں میں بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا جبکہ پہاڑوں پر برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ملتان، کراچی، ظاہر پیر، بستی چھینہ، چوک بہادر پور، رحیم یار خان، کوٹ سلطان، لیاقت پور، بارو کھوسہ، صادق آباد، بہاولپور، کمالیہ، گوجرانوالہ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے دباؤ کا سسٹم بلوچستان سے ہوتا ہوا سندھ کے ساحلی علاقوں میں داخل ہوگیا جو بارش برسانے کا سبب بن رہا ہے۔

لاہور میں گڑھی شاہو، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، جیل روڈ، رائیونڈ، سمن آباد، ایبٹ روڈ، ایمپرس روڈ، لکشمی چوک، کوٹ لکھپت، چونگی امر سدھو اور ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ ملتان میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

ادھر بلوچستان کے علاقے چاغی اور خضدار میں ہلکی بارش نے سردی کو بڑھا دیا، وادی زیارت اور کوڑک ٹاپ پر برفباری بھی ہوئی۔ مالاکنڈ ڈویژن اور چترال کے پہاڑوں پر برفباری سے کئی مقامات پر سڑکیں بند ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، فاٹا، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤ ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔