لاہور میں سیکیورٹی خدشات کےباعث مختلف اتوار بازار دوسرے ہفتے بھی بند

Bazar

Bazar

لاہور (جیوڈیسک) سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر کے کئی اتوار بازار دوسرے ہفتے بھی بند ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور میں پولیس اورمقامی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث گلشن راوی اوراقبال ٹاؤن مون مارکیٹ میں لگنے والے اتواربازاروں کو مسلسل دوسرے ہفتے بھی بند رکھا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات مکمل ہونے تک یہ اتواربازارنہیں لگیں گے۔ ہفتہ واربازاروں کی بندش کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ دوسرے علاقوں میں لگنے والے اتواربازاروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے شہرکے مختلف گرجا گھروں کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران نادرا کے بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے شناختی کوائف کی تصدیق کی گئی۔ آپریشن کے دوران شناختی کوائف مکمل نہ ہونے پر 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا.