لاہور میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن، 11 گرفتاریاں

Security Forces

Security Forces

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارلحکومت لاہور کے نواحی علاقے شاہدرہ کے قریب سکیورٹی فورسز کے کومبنگ آپریشن میں دو دہشت گردوں سمیت 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گذشتہ پیر کو سول ہسپتال میں خودکش حملے کے بعد ملک بھر میں شدت پسندوں کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ایک بیان مطابق سنیچر کی شب شاہدرہ کے قریب برکت ٹاؤن میں سکیورٹی فورسز نے کومبنگ آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس آپریشن میں دو دہشت گردوں سمیت 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بیان میں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم شدت پسند تنظیم سے ظاہر کیا گیا ہے تاہم اس تنظیم کا نام نہیں بتایا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

کوئٹہ میں خودکش دھماکے کے بعد فوج کے سربراہ جنرل راحیل نے شدت پسندی کے واقعات میں ملوث افراد کو ہدف بنانے کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

کوئٹہ میں ہونے والے اس دھماکے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک شدگان میں بڑی تعداد وکلا کی تھی۔

کوئٹہ کے سول ہسپتال پر خودکش حملے کے بعد ملک میں ایک بار پھر شدت پسندی کے خلاف موثر کارروائیوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔