لاہور : شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں آتشزدگی، 4 کمسن بچے جاں بحق

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) حسن ٹاؤن میں یہ المناک حادثہ محنت کش طارق شہباز کے گھر رات دس بجے کے قریب پیش آیا۔ ماں اور پانچ بچے کمرے میں سو رہے تھے جبکہ طارق ڈیوٹی پر فیکٹری گیا ہوا تھا۔ لوڈ شیڈنگ کے بعد بجلی آئی تو شارٹ سرکٹ سے کمرے میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے کمرے میں پڑا گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔

آگ نے تمام بچوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ محلے داروں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی اور بچوں کو جناح اسپتال منتقل کیا لیکن چاروں کمسن بہن بھائی 8 سالہ عثمان، 7 سالہ نستعین، 6 سالہ ارسلان اور 3 سالہ حنان راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کے بعد گھر کے باہر المناک مناظر دیکھنے میں آئے۔

پھولوں کی موت پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور سب غم زدہ تھے۔ بچوں کی ماں کا کہنا ہے کہ سب بجلی جانے کے بعد سو گئے۔ آنکھ کھلی تو گھر میں آگ لگی تھی۔ بچوں کے والد طارق شہباز کے مطابق وہ فیکٹری سے لوٹا تو سب کچھ ختم ہو چکا تھا۔

وزیر اعلی پنجاب نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور بچوں کے والدین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔