لاہور کا دھرنا اور طوفان شہباز شریف کو اپنے ساتھ بہا لے جائے گا: آصف علی زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ لاہور پہنچنے پر بلاول ہاؤس میں 17 جنوری کے احتجاج کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا ہے کہ پولیس گردی اور جبر پر مبنی شریفوں کا اقتدار آخری ہچکولے لے رہا ہے۔

لاہور کا جلسہ شہباز شریف کی رخصتی کا باعث بنے گا جب کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور شریفوں کو اقتدار چھوڑنا پڑیگا۔ علاوہ ازیں پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

یپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے لاہور پہنچ کر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے 17 جنوری کو ہونے والے دھرنے کے انتظامات کا جائز لیا۔

پیپلز پارٹی وسط پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی ہدایت پر قائم کی جانے والی عمل درآمد کمیٹی کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔

کمیٹی کی جانب سے 17 جنوری کو ’دی مال‘ کے سامنے سے دھرنے کا آغاز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جو شہر کا انتہائی اہم مقام ہے جہاں اہم سرکاری دفاتر موجود ہیں۔

آصف زرداری نے ہدایت کی کہ لاہور اور پنجاب کے جیالے بہت بڑی تعداد میں جلسہ گاہ پہنچیں۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر مزید انتظار نہیں کر سکتے، شہدا کو انصاف دلوا کر رہیں گے، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ عہدے چھوڑ کر خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔

آصف زرداری نے قائدین کو ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں کارکنوں کو احتجاج میں شامل کیا جائے۔ انھوں نے کہا اب شہباز شریف کی حکومت مزید نہیں چل سکتی۔ آصف زرداری سے یوسف گیلانی اور مخدوم احمد محمود نے بھی ملاقات کی۔