لاہور : سانحہ گلشن اقبال پارک میں جاں بحق افراد کی تعداد 72 ہوگئی

Tragedy Gulshan-e-Iqbal Park

Tragedy Gulshan-e-Iqbal Park

لاہور (جیوڈیسک) امن کے دشمن دہشت گردوں نے لاہور کو خون میں نہلا دیا، دھماکے کا ایک اور زخمی 6 سالہ محب اللہ جناح ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 72 ہو گئی۔ تین سو سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ مرنے والوں اور زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

جاں بحق ہونے والے چون افراد کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ دہشتگردوں نے لاہور کے گلشن اقبال کو خون میں نہلا دیا ۔ گزشتہ روز شام 6 بج کر 40 منٹ پر ہونے والے خودکش دھماکے نے گلشن اقبال میں جیتے جاگتے انسانوں اور چہچہاتے رنگ برنگ پھول ایسے معصوم بچوں کو ہمیشہ کے لئے موت کی نیند سلا دیا۔

دھماکے کے بعد پارک میں آہ و بکا، افرا تفری اور چیخ و پکار ، ہر طرف قیامت صغریٰ نظر آئی۔ لوگ دیوانہ واراپنے پیاروں کو ڈھونڈتے رہے۔ افسوس ناک واقعے کے بعد شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

فلاحی اداروں کی ایمبولینسز بھی قابل ذکر کام کر رہی ہیں ۔ ہسپتالوں میں زیر علاج کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ڈیڈ ہاؤس سے مزید 2 افراد کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔