آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے:عبدالسلام بٹ

Abdul Salam But Azad Kashmir Taxila

Abdul Salam But Azad Kashmir Taxila

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی)وزیر سیاحت و شہری ہوا بازی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر عبدالسلام بٹ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے، اور آنے والے انتخابات میں آزاد کشمیر کے شہری و مہاجرین پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دینگے، ہم نے عوام سے کئے وعدے نہ صرف پورے کئے بلکہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے مسلہ کشمیر کو اقوام عالم میں بہتر انداز میں اٹھایا اور کشمیری حریت پسندوں کی نمائندگی کی، آج نیلم وادی دنیا کی جنت کا منظر پیش کر رہی ہے سیاحت کے شعبے میں بہتری لائی گئی ہے،۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹیکسلا میں دی فائونڈرز ایجوکیشن سوسائٹی کے عہدیدران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر رائو شاہد علی خان،سید فرخ عمران نومی شاہ، اجملی خان اور معروف ماہر تعلیم عطاالرحمن چوہدری بھی موجود تھے، عبدالسلام بٹ نے کہا کہ کشمیری قوم خود دار ہے وہ کسی صورت اپنے کاز سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ،سیاسی جماعتوں کے اکابریں مختلف بولیاں بول رہے ہیں مگر کشمیری عوام پیپلز پارٹی کو آنے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کرینگے، پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے نہ صرف عوام کو شعور دیا بلکہ کشمیریوں کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی ،آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی ہی عوام کی طاقت اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کامیاب ہو گی ۔