قانون نافذ کرنے والے ادارے نے زیر حراست افراد میں سے 9 کو رہا کر دیا

Families of Missing Persons

Families of Missing Persons

کراچی (جیوڈیسک) کراچی سے حیدرآباد جاتے ہوئے حراست میں لئے گئے 13 میں سے 9 افراد کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے رہا کر دیا۔ حراست میں لئے گئے افراد کی رہائی کے لئے اہل خانہ نے گلستان جوہر میں دھرنا بھی دیا۔

کراچی سے حیدر آباد میں دوست کی شادی میں شرکت کے لئے جانے والے 13 نوجوان جامشورو کے قریب لاپتہ ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے رابطہ کرنے پر اہل خانہ نے تصدیق کی 13 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

رات گئے قانون نافذ کرنے والے ادارے نے 9 افراد کو رہا کر دیا۔ اس سے قبل لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے گلستان جوہر کی مرکزی شاہراہ پر دس گھنٹے تک دھرنا دیا۔

پولیس کی یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم کرنے کے معاملے پر مظاہرین میں اختلاف پیدا ہو گیا مگر بعد ازاں انہوں نے مشترکہ طور پر دھرنا ختم کا اعلان کر دیا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے مزید افراد کو بھی رہا کئے جانے کا امکان ہے جبکہ کچھ نوجوانوں کو پوچھ کچھ کے لئے حراست میں رکھا جائے گا۔