کوئی مائی کا لعل ختم نبوت کے قانون کو نہیں چھیڑ سکتا: فضل الرحمان

Fazlur Rahman

Fazlur Rahman

سوات (جیوڈیسک) امیر جے یو آئی ف نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بزدل ہے، چور دروازے سے حملہ کرتا ہے، چور دروازے سے ختم نبوت کے قلعے میں نقب لگانے کی کوشش کی گئی، ہماری مداخلت پر 24 گھنٹے میں نقصان کی تلافی ہوئی، کوئی مائی کا لعل ختم نبوت کے قانون کو نہیں چھیڑ سکتا، اگر کوئی چھیڑے گا تو اپنی موت کو دعوت دے گا۔

فضل الرحمان نے مزید کہا کہ علمائے کرام نے جمہوری پاکستان کی حمایت کی، دہشتگردی کے خلاف جے یو آئی ف نے نظریاتی جنگ لڑی، علمائے کرام کا بھی شکریہ ادا کیا جائے اور جے یو آئی ف کا بھی شکریہ ادا کیا جائے۔ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ نیا اقتصادی دور شروع کرنا چاہتا ہے۔

ملک میں نئے بحران پیدا کئے جا رہے ہیں، سی پیک پر امریکہ نے متنازع بیان دیا، امریکہ اور بھارت کی بولی ایک ہو گئی ہے، پانامہ کو پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازش سمجھتا ہوں، ہماری بات کو سمجھا نہیں گیا، ہمارے جذبے کا احترام نہیں کیا گیا، امریکہ نے پاکستان کو امداد بند کرنے کی دھمکی دی۔

فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فاٹا کا مسئلہ اتنا سنگین نہیں جتنا بنایا جا رہا ہے، کچھ لوگ فاٹا کے چاچے، مامے بنے ہوئے ہیں، فاٹا کے عوام پسماندہ ہیں، ان کی پسماندگی کو دور کرنے کا راستہ کس نے روکا ہے؟ پتا ہے امریکہ نے کہاں کہاں دباؤ ڈالا، فاٹا کے عوام کو اختیار دو تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، کچھ لوگ ہم پر دباؤ ڈال کر مسئلے کو متنازع بنا رہے ہیں۔