ن لیگ حکمرانی کا اخلاقی جواز کھو چکی، بلاول بھٹو

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

لاہور / اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف مظاہرے کیے گئے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے پرویز مشرف کے فرار میں سہولت مہیا کر کے اخلاقی طور پر حکمرانی کا اختیار کھو دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلاول کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کی جانب سے مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا اور کارکنوں نے ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردی، اس موقع پر مشرف، نواز مک مکا نا منظور، گو نواز گو اور نواز شریف استعفیٰ دو،کے نعرے بھی لگائے گئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ مشرف بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی کے قتل میں نامزد ملزم ہیں۔

انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے کروزیراعظم نواز شریف حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پیپلزپارٹی پشین کی جانب سے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جمعے کو سوشل میڈیا پراپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو نے پرویز مشرف کو اس کی اصل طاقت یونیفارم سے محروم کیا تھا،آصف زرداری نے اس کو ایوان صدرسے باہر نکالا، موجودہ حکومت نے اسے آزاد کردیا۔ایک نجی ٹی وی کوانٹرویو میں پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ہرگز نہیں کہا کہ مشرف کو بیرون ملک جانے دیا جائے۔

باہر جانے کی اجازت دینا یا نہ دینا حکومت کا اختیار تھا،مشرف واپس آئے توان کی عزت بڑھے گی،ان کا صرف واپس آناہی کافی نہیں بلکہ عدالتوں کاسامنا کرنا بھی ضروری ہے، مشرف ہشاش بشاش دبئی پہنچے،نواز شریف کے ارد گردہوا کے بھرے غبارے ہیں، انھیں اپنی ٹیم بدلنی چاہیے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعیدغنی نے کہاہے کہ نواز حکومت عدالتی فیصلوں کے پیچھے چھپنے کی روایت رکھتی ہے، پرویز مشرف کو بھی اسی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ملک سے فرارہونے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔انھوں نے کہاکہ وفاق کاہرادارہ سندھ حکومت کے کام میں مداخلت کررہاہے۔