جولائی تا مئی چمڑے کی برآمدات 77 کروڑ ڈالر رہیں

Leather Products

Leather Products

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد، سیالکوٹ اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے لیدر مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز نے رواں مالی سال کے دوران جولائی 2014 سے لے کر مئی 2015 تک 11 ماہ کے دوران 77 کروڑ ڈالرسے زائد مالیت کا چمڑا برآمد کیا ہے جس میں گائے، بھینس، بچھڑے، بکرے، چھترے اور دیگر اقسام کے جانوروں و مویشیوں کا چمڑا بھی شامل ہے جو بین الاقوامی سطح پر لیدر جیکٹس، لیدر شوز، پرس اور چمڑے کی دیگر مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔

نیز بیرونی ممالک پاکستانی چمڑے سے مختلف لیدر پروڈکٹس تیار کر کے اس کی دنیا بھر میں فروخت کے ذریعے سالانہ اربوں ڈالر حاصل کرتے ہیں۔ پاکستان لید ر مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتا یا کہ گزشتہ سال یکم جولائی 2013 سے لے کر 31 مئی 2014 تک لیدر ایکسپورٹ کی مد میں برآمدات کا حجم 57 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا۔

انہوں نے بتایا کہ صرف رواںماہ مئی 2015 کے دوران 10 کروڑ ڈالر مالیت کا چمڑا بیرون ملک ایکسپورٹ کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ حکومت لائیو اسٹاک فارمرز کو تمام ممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ پاکستانی عوام کے لیے گوشت کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ اضافی گوشت اور اس کی دیگر مصنوعات سمیت چمڑے کی برآمد سے قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جا سکے اور ملک کو معاشی استحکام سے ہمکنار کرنے میں مدد مل سکے۔