لیڈز میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ چل بسیں

Joco

Joco

لیڈز (جیوڈیسک) برطانیہ میں لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن پارلیمنٹ قاتلانہ حملے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی شہر لیڈز میں لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن پارلیمنٹ جوکوکس پر اس وقت حملہ ہوا جب وہ لیڈز میں برطانیہ کو یورپی یونین میں شامل کرنے کی دعوتی مہم میں شریک تھیں اور مختلف سیاسی ملاقاتوں کے بعد اپنے گھر واپس روانہ ہورہی تھیں کہ اس دوران ان پر خنجر سے وار کیا گیا اور فائرنگ بھی کی گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد کے لیے ایئرایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

پولیس کے مطابق خاتون رکن پارلیمنٹ لیڈز کے مقام برسٹال لائبریری میں کچھ لوگوں سے ملاقات کررہی تھیں کہ اس دوران حملہ آور نے پہلے انہیں لات مار کر گرایا جس سے ان کے چہرے پر خون بہنے لگا اور اس دوران حملہ آور نے ان پر خنجر سے وار کرتے ہوئے فائرنگ بھی کی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور قتل کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے انہیں زخمی کرنے سے قبل ’’برطانیہ پہلے‘‘ کا نعرہ لگایا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ شخص برطانیہ کو یورپی یونین میں شامل کرنے کا مخالف تھا۔
دوسری جانب واقعہ کے فوری بعد برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنا دورہ جبرالٹر منسوخ کردیا۔