پاناما لیکس، عمران خان کا شعیب سڈل کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا مطالبہ

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاناما لیکس پر وفاقی وزیر داخلہ کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے شعیب سڈل کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا مطالبہ کر ڈالا۔

ان کا کہنا تھا شعیب سڈل وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات کے ماہر ہیں اور ان کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے مکمل اختیارات دیئے جائیں تاکہ وہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کر سکیں۔ شعیب سڈل آئی جی پولیس، ڈی جی آئی بی اور وفاقی ٹیکس محتسب جیسے بڑے عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ عمران خان نے واضح کیا کہ چوبیس اپریل کو تحریک انصاف کا یوم تاسیس پوری شان و شوکت سے اسلام آباد کے فاطمہ جناح پارک میں ہی ہو گا۔

واضح رہے چودھری نثار نے کہا تھا کہ آف شور کمپنیوں کے حوالے سے حکومت پر الزامات نہ لگائے جائیں۔ عمران خان کی مرضی کے ایف آئی اے افسر سے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے تیار ہیں۔ چوہدری نثار نے انکشاف کیا کہ کمیشن بنانے میں دیر اس لئے ہے کہ حکومت نےدو سابق جج صاحبان سے رابطہ کیا لیکن طوفان بدتمیزی میں ان جج صاحبان نے یہ ذمہ داری قبول کرنے سے اجتناب کیا۔