تحصیل پڑانگ غار میں ظالمانہ اور ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف تمام اقوام کا مشترکہ احتجاجی مظاہرہ

Prang Ghar Protest

Prang Ghar Protest

مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، تحصیل پڑانگ غار میں ظالمانہ اور ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف تمام اقوام کا مشترکہ احتجاجی مظاہرہ۔ یوسف بابا روڈ کو تین گھنٹے تک بند رکھا۔ بجلی اور دیگر ضروریات میں پڑانگ غار کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہو رہا ہے۔ جھوٹے وعدوں سے نالاں ہو چکے ہیں۔ فوری طور پر بجلی فراہم کر کے نیا فیڈر شروع کیا جائے۔ مقررین کا مظاہرے سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق لوئر مہمند کے دور افتادہ تحصیل پڑانگ غار میں منگل کے روز علاقے میں آباد قوم کے 6 ذیلی شاخوں کے عمائدین اور کشران نے بجلی کی طویل بریک ڈاؤن اور کم وولٹیج کے خلاف بطور احتجاج روڈ پر نکل آئے اور کیرڑہ چوک کے مقام پر یوسف بابا روڈ پر پتھر ڈال کر تین گھنٹے تک ٹریفک کیلئے بند رکھا۔

مظاہرین نے واپڈا حکام اور ذمہ داران کے خلاف نعرہ بازی کی اور دھرنا دیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل خان، ملک زرکریم، حیات خان سحر، سردار خان، سجاد خان، جمشید خان، خیرزا دین، علی خان اور دیگر نے کہا کہ تحصیل پڑانگ غار میں بجلی کے حوالے سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ 48 گھنٹے میں چند گھنٹے کم وولٹیج کی بجلی سے پینے کے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ کاشتکاروں کی فصلیں سوکھ کر لاکھوں کا نقصان ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پڑانگ غار کے لوگوں کو ہمیشہ جھوٹی تسلیوں اور زبانی وعدوں سے دھوکہ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے پولیٹیکل انتظامیہ ،واپڈا حکام اور منتخب نمائندوں سے فوری نوٹس لینے اور بجلی کے فیڈر کے جلد از جلد افتتاح اور ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

Prang Ghar Protest

Prang Ghar Protest

مظاہرین نے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ ناروا لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور نئے فیڈر کو چالو نہیں کیا گیا تو تمام تحصیل میں احتجاج کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائیگا۔ جس کی تما م تر ذمہ داری واپڈا حکام پر ہوگی۔ اس سلسلے میں آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔