مقامی خود مختاری سے ہی مہنگائی ‘ بیروزگاری و غربت ختم ہو گی۔ ایم آر پی

Inflation

Inflation

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقامی خود مختاری سے گریز اورخودمختار ڈویژنل کونسلوں کے ذریعے عوام کو بااختیار بنانے سے اجتناب کی وجہ سے نہ صرف عوام استحصال ‘ نا انصافی ‘ جبر ‘ دہشتگردی ‘ بد امنی ‘ جرائم ‘ مسائل ‘مصائب اور بحرانوں سے دوچار ہیں بلکہ نہ تو جمہوریت کے ثمرات ان تک پہنچ رہے ہیں اور نہ ہی مثبت حکومتی اقدامات سے انہیں کوئی ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔

یہ بات محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باجود روزمرہ عوامی استعمال کی اشیاءاور اجناس کی قیمتوں میں اضافے اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں عدم تخفیف پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ایم آر پی فارمولے کے تحت خود مختار ڈویژنل کونسلوں کے قیام سے نہ صرف دہشتگردی ‘ بد امنی و جرائم سے نجات ملے گی بلکہ پر امن ماحول ذرعی ‘ صنعتی ‘ پیداواری‘ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیکر مہنگائی و گرانی کیساتھ بیروزگاری کا زوربھی توڑیگا اور عوام کو تحفظ و خوشحالی کی فراہمی کے علاوہ تعلیم و علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی کا باعث بھی بنے گا اور تعصب ولسانیت کاخاتمہ کرکے گاوں و دیہات کے مابین تضاد کا خاتمہ کرتے ہوئے شہروں پر بڑھتے ہوئے آبادی کے دباو کو روکنے میں بھی معاون و مددگار ثابت ہو گا۔