لندن فلیٹس، عزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس: نواز شریف، انکے بچے، کیپٹن (ر) صفدر طلب

Sharif Family

Sharif Family

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت اسلام آباد نے فلیگ شپ کمپنیوں کے ریفرنس کے بعد العزیزیہ سٹیل ملزاورلندن فلیٹس ریفرنس کو بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا، عدالت نے نواز شریف، انکے دونوں صاحبزادوں، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 19 ستمبر کیلئے نوٹس جاری کردیئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نوازشریف اور انکے بچوں کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی، سماعت سے قبل اوپن کورٹ ہونے کے باوجود میڈیا کے نمائندوں کو کمرہ عدالت سے نکال دیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عدالتی عملے کو کارروائی سے آگاہ کرنے کی ہدایات کیں۔ سماعت شروع ہونے پرعدالت نے نیب کی جانب سے پیش کیے گئے العزیزیہ سٹیل ملز اور لندن فلیٹس ریفرنس کو بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔

عدالت نے ریفرنس میں شریک فریقین کو19 ستمبر کیلئے سمن جاری کر دیئے۔ نوازشریف، حسن نواز اور حسین نواز کے ساتھ ساتھ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز احتساب عدالت نے فلیگ شپ کمپنیوں کے ریفرنس پر نوازشریف اور دونوں صاحبزادوں کو طلبی کے نوٹس جاری کیے تھے، احتساب عدالت میں سماعت کیلئے مقررکیے جانے والے ریفرنس کی تعداد 3 ہوگئی تاہم اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنسز کے مکمل دستاویز جمع ہونا ابھی باقی ہیں۔

سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما فیصلے میں نیب کو احتساب عدالت میں یہ ریفرنس دائر کرنے اور احتساب عدالتوں کو چھ ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔