’’عاشقی ‘‘ کے تیسرے سیکوئل میں سدھارت اورعالیہ کو کاسٹ کرلیا گیا

Sidharth Allia

Sidharth Allia

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی فلم نگری کی شہرہ آفاق فلم ’’عاشقی‘‘ کے تیسرے سیکوئل میں نوجوان اداکار سدھارت ملہوترا اور اداکارہ عالیہ بھٹ کوکاسٹ کرلیا گیا ہے۔

معروف ہدایتکارمہیش بھٹ کی 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’عاشقی‘‘ میں اداکار راہول رائے اور انو اگروال نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جس میں دونوں کی اداکاری کوشائقین نے بے حد پسند کیا تھا جب کہ فلم کے دوسرے سیکوئل میں نوجوان اداکاروں ادتیا رائے کپور اور اداکارہ شردھا کپور نے اداکاری کے جوہر دکھائے اور فلم نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد اب پروڈیوسر بھوشن کمارنے فلم کا تیسرا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’’عاشقی‘‘ کے تیسرے سیکوئل کے لیے اداکار ہریتھک روشن اور سونم کپور کوپیشکش کی گئی تھی تاہم دونوں اداکاروں کے انکار کے بعد سدھارت ملہوترا اور عالیہ بھٹ کو فلم میں کاسٹ کرلیا گیا ہے جب کہ سدھارت ملہوترا کا فلم میں کام کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فلم میں اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کروں گا اور امید ہے کہ مداحوں کو فلم پسند آئے گی۔

واضح رہے کہ دونوں اداکاروں نے 2012 میں ریلیز ہونے والی دلم ’’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔