مدارس کسی فنڈنگ پر نہیں اہل خیر کے تعاون سے چلتے ہیں، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : وفاق المدارس العربیہ کی مجلس عاملہ کے رکن اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے پاکستانی مدارس کو غیر ملکی فنڈنگ کی رپورٹ کو پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ فنڈنگ حکومتیں ، این جی اوزوصول کرتے ہیں مدارس رفاہی وفلاحی ادارے ہیں ،کسی ملک کی فنڈنگ سے نہیں اہل خیر کے تعاون سے طلباء کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرتے ہیں ،دنیا بھر کے مسلمان اپنی زکوة وخیرات کا صحیح مصرف مدارس کو سمجھتے ہیں ،اسلاموفوبیا میں مبتلا برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ پاکستانی مدارس کیخلاف عالمی سطح پر بھونڈہ پروپیگنڈہ ہے،حکومت ایسے مدارس کی فہرست شائع کرکے اتحاد تنظیمات مدارس کو ثبوت فراہم کرے۔

منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے ”پاکستانی مدارس کوغیر ملکی فنڈنگ کرنے کے حوالے سے شائع ہونے والی بی بی سی کی رپورٹ پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ مدارس قال اللہ قال الرسول کی درسگاہیں اور رفاہی وفلاحی دارے ہیں جنہوں نے کبھی اپنی حکومت سے کسی فنڈ کا مطالبہ نہ کیا تو وہ غیر ملکی فنڈ کیوں لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ مدارس کسی بھی ملک کے فنڈ سے نہیں چلتے بلکہ اہل خیر کے چندوں سے چلتے ہیںکیونکہ دنیا بھر کے مسلمان اپنے صدقات ، زکوة ، عطیات اور خیرات کا درست مصرف مدارس ہی کو سمجھتے ہیں، انہوںنے کہاکہ مدارس کی فنڈنگ کے حوالے سے ٹاک شوز میں اور دیگر فورمز پرہمیشہ بات کی جاتی ہے تاکہ دینی مدارس کے حوالے سے عوام کے ذہنوں میں شکوک وشبہات پید اکیے جائیں،آخرکیا وجہ ہے کہ این این جی اوز اورملک دشمن تنظیموں کیخلاف بات نہیں کی جاتی جو بیرونی ممالک کی امداد کے بل بوتے پر ملک دشمن ایجنڈوں کی تکمیل میں مصروف رہتی ہیں ۔انہیں ٹاک شوز میں موضوع بحث کیوں نہیں بنایا جاتا ،مدارس کی لسٹیں شائع کرنے والا نشریاتی ادارہ حقیقت پسندی کا ثبوت دیتے ہوئے ان ای ن جی اوز اور ملک دشمن علیحدگی پسند تنظیموں کی بھی فہرستیں شائع کرے۔

انہوں نے کہاکہ ہم برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ اسلام وفوبیامیں مبتلابرطانوی نشریاتی ادار ے کی رپورٹ پاکستانی مدارس کیخلاف عالمی سطح پر بھونڈہ پروپیگنڈہ ہے ، مدارس کیخلاف پروپیگنڈہ کرنا مغربی میڈیاکا وطیر ہے حالیہ رپورٹ کامقصد غلط اطلاعات کے ذریعے مدارس کو بدنام کرنااور پاکستانی دینی مدارس میں تعلیم کیلئے آنے والے دنیا بھر کے طلبہ کو مدارس سے دور رکھناہے۔ ،انہوںنے کہاکہ اس قسم کی سازشیں پہلے بھی مدارس کیخلاف کی گئی ہیں جو کامیاب نہ ہوسکیں اور نہ ہی اب کوئی سازش کامیاب ہوسکتی ہے ،کیونکہ مدارس کا محافظ اللہ تعالیٰ ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس بات کا عالمی سطح پر بارہا اپنوں اور غیروں نے اظہار کیاہے کہ کسی ملک وحکومت کی طرف سے کسی قسم کا فنڈنہ ملنے کے باوجود مدارس اپنے طلبہ کو ہر قسم کی سہولیات مفت فراہم کرتے ہیں اس وقت پاکستان میں صرف وفاق المدارس العرابیہ پاکستان کے تحت 30لاکھ سے زائد طلبہ مفت تعلیم حاصل کررہے ہیںجن کی تعلیمی ضروریات کے ساتھ ساتھ ان کیلئے کھانا پینا،علاج معالجہ وغیرہ کی سہولیات مدارس کی جانب سے مفت فراہم کی جاتی ہیں انہوںنے کہاکہ دشمن قوتیں پاکستانی مدارس سے خوفزدہ ہیں کیونکہ یہاں دنیا بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہابی بی سی کی یہ رپورٹ مدارس مخالف سازشوں کا تسلسل ہے ،کبھی مدارس پر دہشت گردی کا الزام لگایا جاتاہے تو کبھی مدارس پر غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات لگا کر ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جاتی ہیں مگر اللہ کے فضل وکرم سے آج تک مدارس کیخلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی مسلمانان پاکستان ایسی سازشوں کو کامیاب ہونے دیں گے ، مفتی محمد نعیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے مدارس کی فہرست شائع کرکے اتحاد تنظیمات کوثبوت فراہم کرے۔