کوئی مدارس کو لاوارث نہ سمجھے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیں گے، وفاق المدارس العرابیہ

Pakistan Madrasa

Pakistan Madrasa

کراچی : وفاق المدارس العرابیہ کے زیر اہتمام تحفظ و بیداری مدارس دینیہ مہم کے سلسلے میں عظیم الشان اجتماع دینی درسگاہ جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوریہ ٹاؤن میں منعقد ہوا، اس عظیم اجتماع سے صدر وفاق مولانا سلیم اللہ خان ، نائب صدر وفاق مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ، جنرل سیکرٹری قاری محمد حنیف جالندھری ، رکن مجلس عاملہ مفتی محمد رفیع عثمانی ،مجلس عالمہ کے رکن شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم ،مولانا عبدالقیوم نعمانی ،حضرت مولانا زرولی خان حضرت مولانا اسفندیار خان ، مولانا امداد اللہ ناظم صوبہ سندھ ، مولانا حکیم مظہر ،مولانا قاری عثمان نے خطاب کیا اجتماع میں کراچی کے چھ اضلاع کے مدارس کے مہتممین نے شرکت کی۔انہوں نے مدارس کی حریت وآزادی کی ہرقیمت دفاع کرنے کا عزم کا اظہار کیااور کہاکہ مدارس دینیہ اور ارباب مدارس وعلماء کرام وطن عزیز پاکستان کی سرحدوں کے محافظ ہیں، انہیں تنگ کرنے کا سلسلہ فی الفور بند کیاجائے ، وفاقی وزیر داخلہ کا قومی اسمبلی کا بیان ”مدارس دہشت گردی میں ملوث نہیں” کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ انہوںنے اسمبلی کے فلور پر مدارس کے حوالے سے کسی قسم کے دباؤ میں نہ آکر حقیقت پسندی کا ثبوت دیا۔

اجتماع کی صدارت شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان صدر وفاق نے فرمائی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پربنا اور اسلام ہی اس ملک کا مقصدرہے گا، جب تک علماء مدارس موجود ہیں اس ملک کو سیکولر نہیں بنے دیاجائے گا، انہوںنے کہاکہ مدارس کے ایک لاکھ سے زائد مدرسین اور 30لاکھ سے زائد طلبہ ملک پاکستان کے بلاتنخواہ سپاہی ہیں جب بھی ملک کو ضرورت پیش آئی مدارس کا یہ طبقہ سب سے آگے ہوگا، انہوںنے کہاکہ کوئی مدارس کو لاوارث نہ سمجھے مدارس کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیں گے ملک کے کسی کونے میں بھی موجود مدرسے کا تحفظ کیاجائے گا، انہوںنے کہاکہ علماء کرام مشائخ عظام منظم ہوکر مدارس چلائیں ہم کسی قسم کی کمزوری ظاہر نہیں ہونے دینگے ہم پرامن لوگ ہیں منظم اور متحدہیں ، انہوںنے کہاکہ 20مارچ کو مینار پاکستان پورا ملک امنڈ آئے گا۔

انہوںنے کہاکہ دنیا جان چکی ہے کہ مدارس رفاعی وفلاحی ادارے ہیں ملک میں امانت دیانت وشرافت کے اقتدار مدارس سے قائم ہیں مدارس قوم کے محسن اور ملک کے وفادار ہیں علماء کرام اس ملک کا اثاثہ ہیں کچھ قوتیں ہمیں شدت پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، مجلس عاملہ کے رکن مفتی محمدنعیم نے کہا ہے کہ مدارس حکومت کے ساتھ ہرقسم کا تعاون کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے مگر حکومت کی جانب سے تاخیر سمجھ میں نہیں آتی انہوںنے کہاکہ مدارس کی رجسٹریشن کے نام سے حراساں کیاجارہاہے چاروں صوبائی حکومتوں کو اس کا سد باب کرناچاہیے جب تک اتحاد تنظیمات مدارس اور وزارت داخلہ کے مابین مذاکرات کی تکمیل تک مدارس کو تنگ نہ کیاجائے ، مدارس قوم کے محسن اور ملک کے وفادار ہیں علماء کرام ملک کا اثاثہ ہیں کچھ قوتیں ہمیں شدت پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں۔

اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا انہوںنے کہاکہ اہل مدارس اللہ کے دین کی تعلیم کو عام کررہے ہیں ان کیخلاف کسی بھی قسم کی کاروائی نہ کل برداشت کی ہے اور نہ آج کرسکتے ہیں ، انہوںنے وفاقی ویر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قومی اسمبلی کے مدارس کے حوالے سے بیان کو حوصلہ افزا ء اور قابل تحسین ہے کہ انہوںنے ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرکے سچائی کا ساتھ دیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔