مدارس دہشت گردی میں ملوث نہیں چھاپے افسوسناک ہیں، مفتی محمد نعیم

Muhammad Naeem

Muhammad Naeem

کراچی : وفاق المدارس العرابیہ کی مجلس عاملہ کے رکن وجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے پنجاب کے بعض مدارس پر چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اہل مدارس امن وسلامتی کے داعی ہیں دہشت گردی پر یقین نہیں رکھتے ، دہشت گردی میںمدارس ملوث نہیںمدارس کے ساتھ سوتیلا سلوک بند کیا جائے۔

ملک دشمن کاروائیوں میں مدارس کا کوئی بھی فرد ملوث پایا گیاتو حکومت متعلقہ تعلیمی بورڈ بتائے وہ خود قانون کے حوالے کرنے کو تیار ہیں، صرف شبہ کی بنیاد پر پرامن طلبہ واساتذہ کو حراساں کرکے تعلیمی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی۔ جمعہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ وطن عزیز میں امن قائم کرنے میں نیشنل ایکشن پلان کااہم رول ہے دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی ہی ملک وقوم کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی حمایت سب سے پہلے مذہبی طبقے نے کی ہے اور روز اول سے ہی اہل مدارس کا مطالبہ رہاہے کہ ملک سے بلاتفریق دہشت گردوں کا خاتمہ کیاجائے، انہوںنے کہاکہ مدارس نے کبھی دہشت گردی کی حمایت کی ہے اور نہ کرتے ہیں بلکہ ہردہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی ہے اور کرتے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت اہل مدارس سے کیے ہوئے وعدوں کی پاسداری کرے اگر کوئی مدرسہ یا کوئی فرد دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے تو اہل مدارس کو بتائے۔

ہم خود قانون کے حوالے کرنے کو تیار ہیں اس طرح آئے روز تعلیمی اداروں کے تقدس کو پامال اور طلبہ واساتذہ کو حراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،انہوںنے کہاکہ کراچی میں گزشتہ دس سالوں میں سب سے زیادہ علماء اور طلبہ دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا درجنوں جید علماء کرام اور طلبہ کو دن دیہاڑے موت کی گھاٹ اتارا گیا جن کے قاتل تاحال گرفتار نہیں کیے گئے ہیں اور الٹا مدارس پر ہی دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے جارہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت اپنی ناکامیوں کو چھاپنے کیلئے مذموم کاروائیوں میں مصروف ہے، انہوںنے کہاکہ مفتی محمد نعیم نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے سے دہشت گردی کا خاتمہ ہورہاہے اور دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں ہی ملک کے وسیع تر مفاد میں ہے انہوںنے کہاکہ کراچی میں امن قائم کرنے میں رینجرز کے جوانوں کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔