ماہرہ خان اداکاری کی ’’الف ب ‘‘ سے بھی واقف نہیں، میرا

Mahira Khan And Meera

Mahira Khan And Meera

لاہور (جیوڈیسک) فلم اسٹار میرا نے اداکارہ ماہرہ خان کو ایکٹنگ میں مقابلے کا چیلنج کردیا۔ سفارش اورپیسے سے کام تومل جاتا ہے لیکن اسکرین پر پرفارم کرنا کوئی آسان بات نہیں۔ ایسی اداکارہ کا عوام کو بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

اس بارے میں امریکا سے فون پربات کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے بتایا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک خاص لابی اداکارہ ماہرہ خان کوراتوں رات ’’سپراسٹار‘‘ بنانے کے مشن پرکام کررہی ہے۔ اداکاری کی ’ الف ب‘ سے نا واقف اداکارہ کوایک طرف ٹی وی ڈراموں کے ساتھ فلموں میں کاسٹ کیا جا رہا ہے تودوسری جانب ٹی وی کمرشلز میں بھی اسی کو زبردستی سائن کروایا جا رہا ہے۔

اس کا مقصد فلم انڈسٹری سے برسوں سے وابستہ اداکارہ صائمہ، ریشم اورمجھ سمیت ان تمام اداکاراؤں سے انتقام لینا ہے ، جنہوں نے اپنی تمام عمر اس پروفیشن کے نام کردی ہے۔

یہ لابی دوسری اداکاراؤں کوبھوکا مارنا چاہتی ہے لیکن رزق دینے کا وعدہ اللہ پاک کا ہے ، اس لیے ان کی یہ سازشیں جلد بے نقاب ہونگی۔ انھوں نے کہا کہ میرا طویل فنی سفر سب کے سامنے ہے۔میں نے بے پناہ کم وسائل کے باوجود بننے والی فلموں میں بہترین اداکاری کی اوراس کی وجہ سے ہی لوگ مجھے اور دوسری اداکاراؤں کو پیارکرتے ہیں۔

یہی نہیں میری اداکاری اورشہرت کے چرچے جب پڑوسی ملک تک پہنچے تومجھے وہاں بھی کام کرنے کے لیے دعوت دی گئی ، مگراب صورتحال تبدیل ہوتی جارہی ہے۔ کراچی لابی جان بوجھ کرہمیں ایسے چھوٹے چھوٹے کردار آفرکررہی ہے جس کوکرنا ہمارے بس میں نہیں۔اس طرح کی پیشکش کا مقصد میڈیا سمیت فنون لطیفہ کے لوگوں تک اس پیغام کوعام کرنا ہے کہ شاید اب ہم کام کرنا ہی نہیں چاہتے۔

میں سب تک اس پیغام کو پہنچانا چاہتی ہوں کہ ہم اپنی صلاحیتوں کے بل پراس سازش کوناکام بنائینگے۔ ماہرہ خان میں اگر اتنا دم ہے تواسکرین پرمیرے مدمقابل کام کرکے دیکھ لے، دودہ اورپانی کا فرق سامنے آجائیگا۔